لندن(آئی این پی )برطانیہ میں پاپ کارن لینے نکلی 13 سالہ لڑکی کا قاتل 31 سال بعد گرفتار ہوگیا ۔ برطانوی میڈیا کے مطابق لنڈسے رائمر کا تعلق ویسٹ یارکشائر کے علاقے ہیبڈن برج سے تھا۔ 7 نومبر 1994 کی رات، وہ اپنے گھر سے پاپ کارن خریدنے کیلئے نکلی تھی، لیکن پھر کبھی واپس نہ لوٹی۔گھر والوں نے اگلی صبح لنڈسے رائمر کی گمشدگی کی اطلاع پولیس کو دی گئی، کئی ہفتوں کی تلاش کے بعد، اپریل 1995 میں، اس کی لاش روچڈیل نہر سے برآمد ہوئی۔ لاش کو ایک وزنی پتھر سے دبایا گیا تھا تاکہ وہ پانی میں غائب رہے۔یہ قتل سالوں تک ایک پراسرار معمہ بنا رہا اور خاندان انصاف کے لئے در در کی ٹھوکریں کھاتا رہا۔ کیس وقتا فوقتا دوبارہ کھولا گیا، مگر قاتل کا کوئی سراغ اب تک نہ مل سکا ۔ویسٹ یارکشائر پولیس کے مطابق، لنڈسے کے قتل میں ملوث ہونے کے شبہے میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے، جو پہلے سے ہی دیگر جرائم کے باعث جیل میں سزا کاٹ رہا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے تفتیش جاری ہے اور ان کے پاس کئی مضبوط شواہد موجود ہیں