شام: دروز اور شامی سرکاری افواج میں دوبارہ جھڑپیں شروع

شام: دروز اور شامی سرکاری افواج میں دوبارہ جھڑپیں شروع

شام کے علاقے سویدا میں دروز قبائل اور سرکاری شامی فوج کے درمیان تازہ جھڑپیں شروع ہوگئی ہیں، جس سے علاقہ میں کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے۔

 یہ تصادم کئی گھنٹوں تک جاری رہا اور اس میں ہلکے ہتھیاروں، مارٹرز اور ڈرونز کا استعمال کیا گیا ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق، دونوں فریقین نے اپنی اپنی طرف سے فائرنگ کی اور اس دوران علاقہ میں کشیدگی شدت اختیار کرتی گئی۔دروز قبائل کے رہنما شیخ حکمت الہجری نے بتایا ہے کہ سرکاری فوج کی جانب سے حالیہ کارروائیوں سے صورتحال مزید خراب ہوئی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی ملیشیا نے سرکاری فورسز کا حملہ پسپا کیا اور انہیں جانی نقصان بھی پہنچایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ لڑائی دروز قبائل کے دفاع کے لیے جاری ہے اور انہوں نے اپنی مزاحمت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

دوسری جانب، شام کی سرکاری فوج یا حکومت کی جانب سے ابھی اس تازہ کشیدگی کے حوالے سے کوئی رسمی ردعمل یا بیانیہ سامنے نہیں آیا ہے۔ علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر اس کشیدگی پر نظر رکھی جا رہی ہے، کیونکہ یہ صورت حال شام کے داخلی امن و امان کے لیے مزید مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔