21ارب سبسڈی،ماس ٹرانزٹ اتھارٹی بحران سے دوچار

میٹرو بس، اورنج ٹرین ، سپیڈو بسوں کی سبسڈی 21 ارب کی حد عبور کر چکی ، آمدن کیلئے متبادل ذرائع اختیار کرنیکی ہدایت 
لاہور (خصوصی رپورٹ)پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی آمدن اور اخراجات کا بحران مزید گہرا ہونے لگا ہے۔ صوبے بھر میں چلنے والی میٹرو بس، اورنج لائن ٹرین اور سپیڈو بسوں کے لیے حکومت کی سالانہ سبسڈی اب 21 ارب روپے کی حد عبور کر چکی ہے۔ ٹرانسپورٹ حکام کے مطابق کرایوں سے حاصل ہونے والی آمدن اخراجات کا صرف 24 فیصد پورا کر رہی ہے، جبکہ باقی تمام بوجھ حکومت کو سبسڈی کی صورت میں برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ بڑھتے ہوئے مالی دبا ئو کے باعث ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے کرایوں میں اضافے کی سمری تیار کی، جسے اتھارٹی اجلاس میں زیر بحث لایا گیا۔ سمری میں میٹرو بس کا کرایہ 30 سے بڑھا کر 40 روپے کرنے کی سفارش کی گئی، جبکہ اورنج لائن ٹرین کا کرایہ 45 سے بڑھا کر 50 روپے کرنے کی تجویز دی گئی۔ اسی طرح فیڈر اور سپیڈو بسوں کے کرائے میں بھی 5 روپے اضافہ تجویز کیا گیا تھا۔اتھارٹی اجلاس نے معاملہ پنجاب کابینہ کے سپرد کیا، تاہم کابینہ نے کرایوں میں اضافہ مسترد کرتے ہوئے شہریوں پر اضافی بوجھ ڈالنے سے انکار کر دیا۔ کابینہ نے ٹرانسپورٹ حکام کو ہدایت کی کہ آمدن بڑھانے کے لیے متبادل ذرائع اختیار کیے جائیں۔