عمران خان کی رہائی کیلئے کوشش میں میرا ہاتھ نہیں: مولانا فضل الرحمن

 امریکہ کی سیاست میں مداخلت کرتے ہیں نہ انہیں اپنے ملک میں مداخلت کی اجازت دے سکتے ہیں
 برطانیہ کی ذمہ داری ہے خواجہ آصف کے معاملے میں قانون کے مطابق کارروائی کرے:لندن میں گفتگو

 لندن(یواین پی) جمعیت علمائاسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا  بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کیلئے کسی کوشش میں میرا کوئی ہاتھ نہیں ہے، ہم امریکہ کی سیاست میں مداخلت کرتے ہیں نہ انہیں اپنے ملک میں مداخلت کی اجازت دے سکتے ہیں، برطانیہ کی ذمہ داری ہے خواجہ آصف کے معاملے میں قانون کے مطابق کارروائی کرے،لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی (ف)نے کہا  کسی سیاستدان کو قید کرنے کے حق میں نہیں ہوں۔انہوں نے خواجہ آصف کے ساتھ لندن میں پیش آئے واقعے کی مذمت کی۔جمہوریت کی کمزوری میں سیاستدانوں کا بڑا کردار ہے۔سیاستدانوں نے ہمیشہ اپنے مفادات کیلئے جمہوریت پر سمجھوتہ کیا۔ہمیشہ آئین اور جمہوریت پر شب خون مارا گیا۔انہوں نے کہا کہ میں خواجہ آصف کے ساتھ لندن میں پیش آئے واقعہ کی شدید مذمت کرتا ہوں اور میرا مطالبہ ہے کہ برطانیہ کی حکومت اس معاملے پر قانون کے مطابق کارروائی کرے۔