شکرگڑھ کے گاؤں لنگہ بھٹیاں میں واقع ایک نجی سکول میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں کرنٹ لگنے سے کمسن طالبہ جاں بحق ہو گئی۔
پولیس کے مطابق طالبہ عمائمہ سکول میں بجلی کے کام کے دوران کرنٹ لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سکول کے پرنسپل اور مالک کو گرفتار کر لیا۔یہ مقدمہ تھانہ نورکوٹ پولیس نے محکمہ تعلیم کے آفیسر اصغر خان کی مدعیت میں درج کیا ہے، جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ سکول انتظامیہ کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث یہ جان لیوا حادثہ پیش آیا۔
ڈی پی او ملک نوید کے مطابق سکول مالک کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ذمہ داروں کا تعین کر کے قانونی کارروائی مکمل کی جا سکے۔حادثے کے بعد طالبہ کی لاش کو تحصیل ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں پوسٹمارٹم کے بعد میت ورثا کے حوالے کی جائے گی۔