عراق کے شہر کوفہ کے علاقے البراکیا میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص اپنے ہی پالتو شیر کے حملے میں جاں بحق ہوگیا۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، واقعہ اس وقت پیش آیا جب شیر نے اچانک اپنے مالک پر حملہ کر دیا اور اس کے سر کو اپنے طاقتور جبڑوں میں دبوچ لیا، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔الصدر اسپتال کے میڈیکل ذرائع نے تصدیق کی کہ حملہ اس قدر شدید تھا کہ متاثرہ شخص کو بچایا نہیں جا سکا۔عینی شاہدین کے مطابق، متوفی کے قریبی دوست نے شیر کو روکنے کی کوشش کی اور فوری طور پر موقع پر موجود کلاشنکوف رائفل سے شیر کو گولی مار کر ہلاک کر دیا، تاہم تب تک شیر اپنے مالک کو شدید نقصان پہنچا چکا تھا۔
مقامی انتظامیہ نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا شیر کو پالنے کے قانونی تقاضے پورے کیے گئے تھے یا نہیں، اور یہ واقعہ غفلت کا نتیجہ تھا یا کوئی اور سبب۔یہ واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکا ہے اور عوامی سطح پر خطرناک جانوروں کو نجی طور پر پالنے کے رجحان پر شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔