سرکاری عازمین حج کی حجاز مقدس روانگی کا دوسرا مرحلہ شروع۔۔۔

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) سرکاری عازمین حج کی حجاز مقدس روانگی کا دوسرا مرحلہ شروع ہو گیا۔دوسرے مرحلے کے دوران 46ہزار عازمین کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔سرکاری حج سکیم کے تحت عازمین کی سعودی عرب روانگی کا آغاز ہوگیا ہے۔ بدھ کے روز وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے روٹ مکہ کے تحت اسلام آباد سے براہ راست جدہ آنے والی اولین پرواز کا استقبال کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو، چیف کوآرڈینیٹر حج آپریشن ڈاکٹر مرزا علی محسود، ڈائریکٹر مکہ عزیز اللہ خان، قونصل جنرل خالد مجید، سعودی حکام و دیگر افسران نے عازمین حج کو جدہ ایئرپورٹ پر خوش آمدید کہا۔ دوسرے مرحلے میں 31 مئی تک تقریباً 46 ہزار عازمین جدہ کے راستے مکہ پہنچیں گے۔ براہ راست جدہ آنے والے عازمین کرام حج کے بعد مدینہ منورہ روانہ کیے جائیں گے۔