واشنگٹن (آئی این پی ) امریکی نژاد ہسپانوی خاتون ماریا برینیاس موریرا کو اگست 2017میں 117سال کی عمر میں وفات سے قبل دنیا کی معمر ترین شخصیت کا اعزاز حاصل تھا اور وہ قسمت اور اچھے جینز کو اپنی طویل العمری کا راز قرار دیتی تھیں۔اب انکشاف ہوا ہے کہ ان کا یہ خیال بالکل درست ہے۔ماریا برینیاس کی زندگی کے دوران سائنسدانوں کی جانب سے ان پر تحقیق کرکے طویل زندگی کے راز کو جاننے کی کوشش کی گئی تھی۔ان کے ڈی این اے اور جسم میں موجود بیکٹیریا پر ہونے والی اس تحقیق کے نتائج اب جاری کیے گئے ہیں۔تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ان کے خلیات حقیقی عمر سے 17سال کم عمر فرد یعنی کسی 100سال کے فرد کی طرح محسوس ہوتے اور کام کرتے تھے۔اسی طرح ان کے معدے میں موجود بیکٹیریا بھی انہیں صحت مند رکھنے میں کردار ادا کرتے تھے اور وہ بالکل کسی بچے کے معدے میں موجود بیکٹیریا کی طرح تھے۔بارسلونا یونیورسٹی کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ ماریا برینیاس کا جینوم دیگر افراد کے مقابلے میں منفرد تھا اور انہوں نے اپنی انفرادیت کو لگ بھگ زندگی کے اختتام تک برقرار رکھا۔