انگلینڈ ٹیم کے قیمتی سامان کی چوری، مجموعی مالیت سامنے آ گئی

انگلینڈ ٹیم کے قیمتی سامان کی چوری، مجموعی مالیت سامنے آ گئی

فلوریڈا: فیفا ورلڈکپ 2026 کے آغاز سے قبل انگلینڈ قومی فٹبال ٹیم کو اس وقت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب ٹیم کا سامان لے جانے والی گاڑی سے ہزاروں ڈالر مالیت کا سامان چوری کر لیا گیا۔

حکام کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ٹیم کا سامان فلوریڈا میں قائم پری ٹورنامنٹ کیمپ سے کنساس سٹی منتقل کیا جا رہا تھا۔ اس دوران نامعلوم افراد نے گاڑی سے قیمتی سامان چرا لیا۔امریکی ریاست کے پراسیکیوشن دفتر کے مطابق چوری شدہ سامان کی مجموعی مالیت تقریباً 18 ہزار ڈالر (پاکستانی 50 لاکھ روپے سے زائد) بتائی گئی ہے۔واقعے کے سلسلے میں دو افراد مصطفیٰ سالک اور عرفان کمال کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق چوری ہونے والے سامان میں چار جوڑے فٹبال بوٹس، ایک فٹبال، گول کیپر کے دستانے، تربیتی کٹ اور تین دستخط شدہ جرسیوں سمیت تقریباً 32 اشیاء شامل تھیں۔

رپورٹس کے مطابق صرف تین دستخط شدہ جرسیوں کی مالیت ہی تقریباً 15 ہزار ڈالر کے قریب بتائی گئی ہے، جبکہ دیگر اشیاء کی مکمل تفصیل واضح نہیں کی گئی۔انگلش فٹبال ایسوسی ایشن نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ چوری ہونے والے سامان میں ایسی کوئی چیز شامل نہیں تھی جو ٹیم کی تیاریوں یا آئندہ میچز پر اثر انداز ہو سکتی تھی۔حکام کے مطابق کارروائی کے بعد چوری شدہ سامان کا بیشتر حصہ برآمد کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔