شہریار نے سکندر کے ساتھ مل کر منصوبہ بندی کی تھی، رقم ، اسلحہ برآمد
لاہور(کرائم رپورٹر) اسلام پورہ پولیس نے ڈکیتی کی واردات کا سراغ لگاتے ہوئے دکان مالک کے بھتیجے سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق شہری محمد فیصل سے شیخ عبدالقادر جیلانی روڈ پر 3 لاکھ 27 ہزار 600 روپے لوٹ لیے گئے تھے۔ تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ دکان مالک کے بھتیجے شہریار نے اپنے ساتھی سکندر کے ساتھ مل کر ڈکیتی کی منصوبہ بندی کی تھی۔ پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے لوٹی گئی رقم اور واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کر لیا۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ جرم کی منصوبہ بندی کرنے والا ہو یا واردات میں حصہ لینے والا، کوئی بھی قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا۔ شہریوں کی جان و مال پر ہاتھ ڈالنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔