تونسہ :پولیس چیک پوسٹ پر خودکش حملہ ناکام، 3ہشتگردہلاک،2اہلکارشہید

حملہ آوروں نے مرکزی گیٹ سے بارودسے بھری گاڑی کوٹکرایا ، حفاظتی دیوار تباہ ، متعدد گھروں کی چھتیں گر گئیں
شہید اہلکار مدثر اور عباس سکھانی موقع پر دم توڑ گئے ،5اہلکاروں سمیت 10افرادزخمی ، فورسز کا علاقے میں سرچ آپریشن 
ڈیرہ غازی خان (خصوصی رپورٹ) پنجاب خیبر پختونخوا سرحد پرضلع تونسہ میں پولیس چیک پوسٹ پر خودکش حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے نتیجہ میں 3 دہشتگرد ہلاک ہو گئے ،فائرنگ کے تبادلے میں پنجاب پولیس کے 2 اہلکار جامِ شہادت نوش کرگئیجبکہ 5اہلکاروں سمیت 10افراد زخمی ہوئے۔بتایاگیاہے کہ حملہ آوروں نے وہوا تونسہ شریف کے علاقہ میں عمر فاروق (جھنگی ) چیک پوسٹ کے مرکزی گیٹ سے بارودسے بھری گاڑی کوٹکرایا ، دھماکے سے حفاظتی دیوار تباہ ، متعدد گھروں کی چھتیں گر گئیں جبکہ 2پولیس اہلکار مدثر اور کانسٹیبل عباس سکھانی موقع پر شہید ہوگئے،5پولیس اہلکار فلک شیر، اسامہ شاہد، ریاض حسین، عبدالرحمن اور محمد حنیف ،ارد گرد کے مکین ابرار، حمید اللہ، حنیف، عبدالطیف اور مالی زخمی ہو گئے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت جوابی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد مارے گئے جن کی شناخت کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہداکٹھے کرلئے ،سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔ شہدا اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیاگیا۔ آر پی او محمد اظہر اکرم، ڈی پی او صادق بلوچ موقع پر پہنچے ،ہسپتال میں شہید اہلکاروں کے ورثا سے اظہار تعزیت کیا اور زخمی اہلکاروں کی عیادت کرتے ہوئے بہترین علاج کی ہدایت کی۔ مکینوں کاکہناتھاکہ بارودی دھماکا اس قدر شدید تھا کہ پانچ سو میٹر کی مسافت پر نہر میں نہاتا بچہ بھی بارود کے ٹکڑے لگنے سے زخمی ہوگیا۔