امریکہ ایران امن معاہدے کی خبروں کے بعد عالمی منڈیوں میں ہلچل، سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ

امریکہ ایران امن معاہدے کی خبروں کے بعد عالمی منڈیوں میں ہلچل، سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ

امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے اور ابتدائی امن سمجھوتے کی اطلاعات کے بعد عالمی مالیاتی منڈیوں نے فوری ردعمل دیا ہے، جس کے نتیجے میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

بین الاقوامی اسپاٹ مارکیٹ میں سونا 2.5 فیصد اضافے کے ساتھ 4,322.87 ڈالر فی اونس تک پہنچ گیا، جو حالیہ دنوں کی بلند ترین سطح بتائی جا رہی ہے۔ اسی طرح امریکی فیوچرز مارکیٹ میں اگست ڈیلیوری کے لیے سونے کے سودے بھی تیزی کے رجحان کے ساتھ 4,344.80 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئے۔معاشی ماہرین کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ سفارتی پیش رفت کی خبروں کے باوجود عالمی مالیاتی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے، جس کے باعث سرمایہ کار محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر سونے کی طرف رجحان بڑھا رہے ہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امن معاہدے کی خبروں کے ساتھ ساتھ امریکی ڈالر پر دباؤ بھی دیکھا گیا ہے، جس کے نتیجے میں سونا دیگر بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں نسبتاً پرکشش ہو گیا ہے اور اس کی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔ماہرین مزید کہتے ہیں کہ اگرچہ سفارتی سطح پر مثبت پیش رفت جاری ہے، تاہم عالمی معیشت میں اتار چڑھاؤ اور جغرافیائی غیر یقینی صورتحال کے باعث سونے کی قیمتوں میں آئندہ دنوں میں بھی اتار چڑھاؤ کا امکان برقرار رہ سکتا ہے۔