بہترین بجٹ پیش کیا گیا ‘ مہنگائی کو سنگل ڈیجٹ پر لانا کوئی معمولی کامیابی نہیں،جمال شاہ کاکڑ

 ہسپتالوں میں سہولیات نہ ہوں اور موبائل نیٹ ورک بھی معطل ہو تو عوام شدید مشکلات کا شکار ہوتے ہیں
اسلام آباد(آن لائن)قومی اسمبلی میں بجٹ 2026-27 پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ موجودہ حالات میں ایک بہترین بجٹ پیش کیا گیا ہے اور مہنگائی کو سنگل ڈیجٹ پر لانا کوئی معمولی کامیابی نہیں، بلوچستان کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے، اس لیے وفاقی حکومت کو بجٹ میں بلوچستان کو خصوصی ترجیح دینی چاہیے۔جمال شاہ کاکڑ نے بلوچستان کو درپیش بنیادی مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ جب راستے بند ہوں، ہسپتالوں میں سہولیات نہ ہوں اور موبائل نیٹ ورک بھی معطل ہو تو عوام شدید مشکلات کا شکار ہوتے ہیں۔ انہوں نے فضائی سفر کے مہنگے ہونے پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات ایئر لائنز ٹکٹوں کی قیمت ایک لاکھ روپے تک وصول کرنا شروع کر دیتی ہیں، جس سے عام شہریوں کے لیے سفر مشکل ہو جاتا ہے۔تقریر کے دوران جمال شاہ کاکڑ کے موبائل فون کی وجہ سے مائیک میں خلل پیدا ہوا تو اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ازراہِ مذاق کہا، یہ فون مجھے لا دیں۔ بعد ازاں انہوں نے مزید کہا، آپ گھر بات کر کے آیا کریں، جس پر ایوان میں قہقہے گونج اٹھے۔ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شاہد خٹک نے بجٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ موجودہ حکومت کا پانچواں بجٹ ہے اور انہیں 9 اپریل کی رات آج بھی یاد ہے جب ان کے بقول ایک سازش کے تحت تحریک انصاف کے خلاف جھوٹا بیانیہ تشکیل دیا گیا۔شاہد خٹک نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے بیرونی دباؤ کے سامنے ایبسلوٹلی ناٹ کہا تھا، جبکہ تحریک انصاف نے اپنے دور حکومت میں نہ صرف ملک بلکہ مڈل کلاس کو بھی سہارا دیا۔ انہوں نے دعوی کیا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں اور شہباز اسپیڈ کے نتیجے میں ملک مختلف مسائل میں گھِر گیا ہے