ادارے3 روز میں 10 فیصد مفت داخلوں بارے مکمل ریکارڈ جمع کرائیں:اتھارٹی
لاہور (کرائم رپورٹر)ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے تمام پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو پنجاب فری اینڈ کمپلسری ایجوکیشن رولز 2024 کے تحت ہر کلاس میں 10 فیصد مستحق بچوں کو مفت داخلہ دینے کے قانون پر عملدرآمد کی ہدایت کر دی ہے۔اتھارٹی کی جانب سے جاری کیے گئے آخری وارننگ نوٹس میں تمام نجی سکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تین روز کے اندر 10 فیصد مفت داخلوں سے متعلق مکمل ریکارڈ جمع کرائیں۔ سکولوں کو متعلقہ ڈیٹا سافٹ کاپی اور ہارڈ کاپی دونوں صورتوں میں فراہم کرنا ہوگا۔نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ سکول اپنے اداروں میں مستحق اور پسماندہ بچوں کو دیے گئے مفت داخلوں، زیر تعلیم طلبہ کی تعداد اور کوٹے پر عملدرآمد کی تفصیلات مقررہ مدت کے اندر جمع کرائیں۔ایجوکیشن اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ جو نجی سکول مقررہ وقت میں مطلوبہ ریکارڈ فراہم نہیں کریں گے یا 10 فیصد مفت داخلوں کے قانون پر عملدرآمد نہیں کریں گے، ان کے خلاف پنجاب فری اینڈ کمپلسری ایجوکیشن رولز 2024 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ایسے سکول جرمانوں، رجسٹریشن کی معطلی اور دیگر قانونی کارروائی کا سامنا کر سکتے ہیں۔