راولپنڈی (آئی این پی )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے راولپنڈی سمیت صوبہ بھر کے تمام نجی تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی مکمل انسپکشن کا حکم جاری کر دیا۔جس کے تحت راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی حالت کا جائزہ لیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے تمام نجی تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی مکمل جانچ پڑتال کی ہدایت کردی ۔اس سلسلے میں خطرناک اور بوسیدہ عمارتوں کی تفصیلات میٹروپولیٹن کارپوریشن سے طلب کرلی گئی ہیں ، تاکہ طالب علموں اور عملے کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے کچی اور ناپختہ عمارتوں سمیت ٹی آر گارڈر والی چھتوں کے حامل تعلیمی اداروں کی رپورٹ تیار کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا ہے کہ خطرناک اور ناپختہ چھتوں والے اداروں کے حوالے سے کسی قسم کی لاپرواہی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔