لاہور: شادی سے انکار پر خاتون پر آتش گیر مادہ پھینک دیا، ملزم بھی جھلس گیا

لاہور: شادی سے انکار پر خاتون پر آتش گیر مادہ پھینک دیا، ملزم بھی جھلس گیا

لاہور کے علاقے والٹن روڈ پر شادی سے انکار پر ایک شخص نے مبینہ طور پر خاتون پر آتش گیر مادہ پھینک کر اسے آگ لگا دی، جبکہ واقعے کے دوران ملزم خود بھی آگ کی لپیٹ میں آ کر جھلس گیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق متاثرہ خاتون اور زخمی ملزم دونوں کو فوری طور پر جناح اسپتال لاہور منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے جناح اسپتال کا دورہ کیا، متاثرہ خاتون کی عیادت کی اور انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اور پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی متاثرہ خاتون کے ساتھ کھڑی ہیں۔حنا پرویز بٹ نے اسپتال انتظامیہ سے علاج سے متعلق بریفنگ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ متاثرہ خاتون کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور علاج میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے کا مقدمہ تھانہ فیکٹری ایریا میں درج کر لیا گیا ہے۔ان کے مطابق متاثرہ خاتون اپنے چار سالہ بیٹے کو مدرسے میں داخل کروانے جا رہی تھی کہ راستے میں ملزم نے اسے روک کر مبینہ طور پر ہراساں کیا۔ خاتون کے شور مچانے پر ملزم نے اس پر آتش گیر مادہ پھینک دیا، جس سے اس کے چہرے، بال اور جسم کے مختلف حصے جھلس گئے۔

حنا پرویز بٹ نے مزید بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم پہلے دو شادیاں کر چکا تھا، جبکہ بعد ازاں اس نے اپنی پڑوسی خاتون پر اس سے شادی کے لیے دباؤ ڈالا۔ خاتون کے انکار پر اس نے مبینہ طور پر یہ حملہ کیا۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنا، انہیں دباؤ میں لانا یا شادی پر مجبور کرنا سنگین جرم ہے اور ایسے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق خواتین پر تشدد میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ متاثرہ خاتون کو قانونی، طبی اور دیگر ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔