سارا بجٹ کشمیر پر نہیں لگایا جا سکتا، ملک کو ساتھ لے کر چلنا ہے، خواجہ سعد رفیق

 80 برس پیٹ کاٹ کر فوج تیار کی کہ اگر کشمیر معاملے پر بھارت سے سامنا ہو تو شکست نہ ہو
لاہور(آئی این پی) سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ملک کا سارا بجٹ آزاد کشمیر پر نہیں لگایا جا سکتا، پورے ملک کو ساتھ لے کر چلنا ہوتا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آزاد کشمیر کے بعض علاقوں میں افسوسناک صورتحال ہے جہاں احتجاج کرنے والے اور ریاستی ادارے ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہیں، ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا، تاہم بدقسمتی سے ایسا ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کی اصل وجہ آزاد کشمیر کی بیڈ گورننس ہے جو دہائیوں سے جاری تھی اور عوام کے مسائل حل نہیں ہورہے تھے۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے بعض مطالبات ایسے تھے جو تسلیم نہیں کیے جاسکتے۔ آزاد کشمیر میں بجلی بہت زیادہ سستی دی جارہی تھی ، وفاقی حکومت کی تمام گرانٹ اسی پر لگ رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ترقیاتی کاموں کا مطالبہ جائز ہے ، اس کے ٹائم فریم پر بات کی جاسکتی ہے، تاہم سارا بجٹ آزاد کشمیر پر نہیں لگایا جاسکتا کیونکہ پورے ملک کو ساتھ لے کر چلنا ہے۔