بارشوں سے تباہی 10بچوں سمیت 20 جاں بحق

لاہور میں 60فیڈرزٹرپ ،گھنٹوں بجلی بند، چھتیں گرنے سے ہلاکتیں ،کرنٹ اور آسمانی بجلی بھی جان لیوا ثابت ہوئیں 
لاہور،راولپنڈی،اسلام آباد ( کرائم رپورٹر،خصوصی رپورٹ )صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں موسلا دھاربارشوں نے تباہی مچادی ، حادثات میں 10بچوں سمیت 20افراد جاں بحق اور بیسیوں زخمی ہوگئے۔ لاہور میں وقفے وقفے سے کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے،لیسکو کے 60 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرنے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہی۔ سب سے زیادہ بارش گارڈن ٹاوٓن اور نشتر ٹاوٓن میں 40 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ،شہر بھر میں اوسطاً 20.9 ملی میٹر بارش ہوئی۔ قصورکے نواحی گاوٓں نتھو والی میں گھر کی بانس اور گارڈرسے بنی چھت گرنے سے 42سالہ خاتون عمری بی بی جاں بحق اور 2افراد زخمی ہوگئے۔منچن آباد میں پاک پتن روڈ رشیدکوٹ میں بارش کے باعث مدر سے کی چھت گرنے سے 2 طالبعلم بچے جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہوگئے۔ضلع شیخوپورہ کی تحصیل مانانوالہ کے علاقے کرپال سنگھ کی مسجد میں حفاظتی انجکشن لگوانے کا اعلان کرنے والا ویکسی نیٹر حافظ طارق سپیکر سے کرنٹ لگنے جاں بحق ہوگیا۔ اوکاڑہ میں آسمانی بجلی گرنے سے لڑکی سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔ حویلی لکھا کے نواحی علاقے مہنت درشن میں آسمانی بجلی گرنے سے کھیت میں کام کرنیوالانوجوان 17سالہ اسداورایک 16سالہ لڑکی انعم جاں بحق ہوگئے۔جھمرہ سے چنیوٹ روڈ پر جھنگ برانچ کے برنالہ پل پر 22سالہ نوجوان عاقب نہر میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہوگیا ۔عارفوالہ کے نواحی گاوٓں چک 147 ای بی میں بارش کے باعث خستہ حال مکان کی چھت گر گئی،جس کے نتیجے میں 32 سالہ خضر دم توڑ گیا جبکہ دوسرابھائی وارث زخمی ہوگیا۔ خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں آسمانی بجلی گرنے اور بارشوں کے بعد آبی ریلے میں 2 بچے جاں بحق ہوگئے اور ایک بچے کو زخمی حالت میں بچا لیا گیا۔ ملاکنڈ میں دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر 2 بچے جاں بحق ہوگئے۔ کوہاٹ اور ہری پور میں چھت اور دیوار گرنے سے ایک خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوئے۔لکی مروت کے علاقے دولت خیل میں پانی کے جوہڑ میں نہاتے ہوئے 4 بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے،ڈوبنے والے بچوں کی عمریں 9 اور 12 سال کے درمیان ہیں،دیگر کئی حادثات میں بیسیوں افراد زخمی ہوئے۔ سیلابی ریلے سے جنوبی وزیرستان شاہراہ بند ہوگئی۔ محکمہ موسمیات نے اسلام آباد اور پنجاب میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کر دی،رپورٹ کے مطابق 17 جولائی تک موسلادھار بارشوں کی توقع ہے۔