ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ انشاءاللہ کل مذاکرات کا تیسرا سیشن ہو رہا ہے اور ہم اپنے مطالبات لکھ کر سامنے رکھیں گے۔
اسلام آباد میں اے ٹی سی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے توقع ظاہر کی کہ حکومت ہمارے مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرے گی اور نیک نیتی کے ساتھ مسائل کا حل نکالے گی۔انہوں نے اپنے خطاب میں 12 شہداء اور 49 زخمیوں کا ذکر کیا، جن میں سے مزید 2 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، اور ان کا ڈیٹا عدالت میں جمع کرانے کی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی قیدیوں کی رہائی جمہوریت کے لیے ضروری ہے، اور انہیں یہ امید ہے کہ اس معاملے میں جلد خوشی کی خبر آئے گی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے خلاف جتنے کیسز بن سکتے تھے، وہ بنوائے گئے ہیں، مگر عمران خان نے کوئی جرم نہیں کیا اور وہ سیاسی قیدی ہیں۔ ان کے مطابق سیاسی قیدیوں کی رہائی کی ضرورت ہے تاکہ جمہوریت کو مزید تقویت مل سکے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی قیدیوں کی رہائی جلد مکمل ہوگی اور اس کے بعد ایک خوشخبری سامنے آئے گی۔