لاہور: چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے سلسلے میں کھیلے گئے وارم اپ میچ میں پاکستان شاہینز نے افغانستان کو 144 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں شاداب خان کی قیادت میں پاکستان شاہینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 314 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے حسین طلعت نے 70، محسن خان نے 61 اور عرفان خان نے 57 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔جواب میں افغانستان کی ٹیم 38.4 اوورز میں صرف 170 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ شاہینز کے کپتان شاداب خان نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 29 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔پاکستان شاہینز کا اگلا وارم اپ میچ 17 فروری کو کراچی میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہوگا۔