چلی: کشتی سوار وہیل مچھلی کا نوالہ بننے کے بعد معجزانہ طور پر بچ نکلا

سانتیاگو(آئی این پی ) چلی کے علاقے پیٹاگونیا میں ایک غیرمعمولی اور خوفناک واقعہ  میں ایک ہمپ بیک نامی وہیل نے کشتی سوار کو نگلنے کی کوشش کی۔ یہ واقعہ باہیا ایل آگویلا میں پیش آیا، جو آبنائے ماجلان کے قریب واقع ہے۔رپورٹ کے مطابق ایڈریان سیمانسکس نامی متاثرہ شخص اپنے والد ڈیل کے ہمراہ کشتی کے سفر پر تھے کہ اچانک پانی کی سطح سے ایک دیوہیکل وہیل ابھری اور ایڈریان کو کشتی سمیت نگل لیا تاہم چند سیکنڈز بعد ہی اس نے ایڈریان اورکشتی کو واپس اگل دیا۔ایڈریان کے والد، جو اپنے بیٹے سے چند فٹ کے فاصلے پر موجود تھے، اس منظر کو اپنے موبائل فون پر ریکارڈ کر رہے تھے۔ایڈریان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہیل کے منہ میں جانے کے بعد انہیں لگا کہ ان کی زندگی ختم ہو چکی ہے۔انہوں نے خوفناک تجربے کے بارے میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لگا کہ وہیل نے مجھے مکمل طور پر نگل لیا ہے۔ جب میں دوبارہ پانی کی سطح پر آیا تو خوفزدہ تھا کہ میرے والد کے ساتھ بھی کچھ نہ ہوجائے، یا ہم وقت پر کنارے نہ پہنچ سکیں۔