شہمیر ڈیرو، بچاؤ بند، کمال ڈیرو، بکھری کے علاقے مرض سے زیادہ متاثر ہیں
ڈاکٹروں کی عدم دستیابی ،علاج کی سہولیات نہ ہونے سے مرض پھیل رہا
محراب پور(خصوصی رپورٹ)ضلع نوشہرو فیروز کے علاقے محراب پور کے کچے میں خسرہ پھیلنے سے 2 جڑواں بہنیں جاں بحق ہوگئیں۔ ضلع کچے علاقوں میں صحت کی ناکافی سہولیات کے باعث خسرے کا مرض تیزی سے پھیل رہا ہے، کچے میں شہمیر ڈیرو، بچاؤ بند، کمال ڈیرو، بکھری کے علاقے زیادہ متاثر ہیں، شمہیر ڈیرو میں راجا عباسی کی دو جڑواں بیٹیاں ایمان اور حیا خسرے کے باعث زندگی کی بازی ہار گئیں، سماجی رہنما کے مطابق کچے میں وبائی امراض، علاج کی ناکافی سہولیات اور شہروں میں سرکاری اسپتال میں ڈاکٹر کی عدم موجودگی، خسرے سمیت وبائی امراض کے بچاؤ کے اقدامات نہ ہونے سے امراض پھیل رہے ہیں ، ڈاکٹر اسد چیمہ کے مطابق خسرہ ایک خطرناک مرض ہے، تیز بخار، کھانسی، ناک بہنا، آنکھوں میں پانی، سرخی ( آشوب چشم )، اور گلے میں درد خسرہ کی علامات ہیں ، جس کے بعد چہرے سے شروع ہو کر جسم پر سرخ دانے نکلتے ہیں ، منہ کے اندر سفید دھبوں کا نمودار ہونا بھی ایک خاص علامت ہے، ایسی علامات کی صورت فوری ڈاکٹر سے رجوع کریں۔