پیر امیر احمد شاہ
اسلام کی تاریخ جب بھی اخلاص، وفاداری اور قربانی کے روشن باب کھولتی ہے تو سب سے پہلا نام حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کا سامنے آتا ہے۔ وہ ہستی جنہوں نے نہ صرف نبی کریم کی نبوت کی تصدیق کی، بلکہ ہر قدم پر اپنے عمل سے ثابت کیا کہ ایمان محض دعویٰ نہیں، زندگی کا طرزِ عمل ہے۔حضرت ابوبکر کا اصل نام عبداللہ بن ابی قحافہ تھا۔ مکہ کا معزز ترین گھرانہ، نرم مزاجی، دیانت دار تجارت اور ستھری سیرت یہ سب صفات پہلے ہی انہیں ممتاز کر چکی تھیں۔ جب نبی کریم نے اعلانِ نبوت فرمایا تو مردوں میں سب سے پہلے لبیک کہنے والے یہی عظیم صحابی تھے۔ ان کی بصیرت نے لمحہ بھر میں پہچان لیا کہ صداقت کے امین کا پیغام ہی نجات کی راہ ہے۔واقعہ معراج کے وقت جب کفار نے خبر کو جھٹلایا تو حضرت ابوبکر کا تاریخی جملہ آج بھی ایمان کی علامت سمجھا جاتا ہے:
"اگر محمد نے فرمایا ہے تو یقیناً سچ فرمایا ہے!"
اسی بے مثال تصدیق کے باعث وہ قیامت تک "صدّیق" کہلاتے رہیں گے۔ہجرتِ مدینہ کے موقع پر غارِ ثور کا منظر آج بھی تاریخ کا روشن ترین صفحہ ہے۔ دشمن قدموں کے نشان تک پہنچ گئے تھے مگر آپ کا ایمان لرزا نہیں۔ رسول اللہ کے ساتھ کا یہ سفر دراصل ان کی وفاداری اور قربانی کی وہ مثال ہے جس کا کوئی ثانی نہیں۔رسول اللہ کے وصال کے بعد امت ایک سخت آزمائش سے دوچار تھی۔ کہیں مانعینِ زکوٰۃسر اٹھا رہے تھے، کہیں جھوٹے مدعیانِ نبوت فتنہ پھیلا رہے تھے، اور کہیں کمزور دل لوگ حیران و پریشان کھڑے تھے۔ ایسے میں حضرت ابوبکر صدیق کا مضبوط فیصلہ "زکوٰۃ سے انکار کرنے والوں کے خلاف جہاد" امت کے شیرازے کو بکھرنے سے بچا گیا۔ ان کی بصیرت اور عزم نہ ہوتے تو شاید اسلامی ریاست اپنی آغاز ہی میں کمزور پڑ جاتی۔قرآنِ مجید کی جمع و تدوین کا عظیم کارنامہ بھی انہی کے حکم سے انجام پایا، جو بعد میں امت کی بقا کا اہم ترین ذریعہ ثابت ہوا۔ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ خلافتِ صدیقی نے اسلام کو وہ بنیاد فراہم کی جس پر آنے والی تمام نسلوں نے استحکام پایا۔حضرت ابوبکر صدیق? 13 ہجری میں وصال فرما گئے اور وعدوں کے امین کے پہلو میں ہمیشہ کے لیے آرام فرما ہوئے۔ دنیا میں بھی رفاقت، قبر میں بھی رفاقت یہ شرف کسی اور کے حصے میں نہیں آیا۔آج حضرت ابوبکر کی سیرت ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ ایمان صرف زبان کا اقرار نہیں، بلکہ ہر آزمائش میں ثابت قدم رہنے کا عمل ہے۔ صداقت، اخلاص، نرم دلی اور اللہ و رسول سے وفاداری یہی وہ اوصاف ہیں جو ایک مسلمان کا حقیقی سرمایہ ہیں۔