ریسکیو 1122 لاہور میں یوم آزادی کی پروقار تقریب

پرچم کشائی، سلامی اور کیک کاٹنے کی تقریب، ملکی سلامتی و امن کے لیے خصوصی دعا
لاہور(کرائم رپورٹر) ریسکیو 1122 لاہور کے زیرِ اہتمام یومِ آزادی کے موقع پر لاہور کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر میں پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ضلعی ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر رضوان احمد چوہدری، افسران اور ریسکیورز نے شرکت کی۔ تقریب میں پرچم کشائی کی گئی، قومی پرچم کو سلامی پیش کی گئی اور جشن آزادی کا کیک کاٹا گیا، جبکہ ملکی سلامتی، خوشحالی اور امن کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ ضلعی ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر رضوان احمد چوہدری نے کہا کہ پاکستان ہمارے لیے عظیم نعمت اور قومی فخر ہے، ہمیں ایمانداری، محنت اور جذبہ خدمت کے ساتھ فرائض انجام دے کر ملک و قوم کی خدمت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر کے وڑن کے مطابق محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے ریسکیورز کو محنت اور لگن سے ذمہ داریاں نبھانا ہوں گی۔ انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح? کے فرمان ’’کام، کام اور صرف کام‘‘ کو مشعلِ راہ قرار دیتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام کے لیے عزم کا اظہار کیا گیا۔