سبز ہلالی پرچموں کی بہار، سڑکیں اور بازار رنگ برنگی روشنیوں سے سج گئے
مری(آئی این پی ) جشنِ آزادی کے موقع پر ملکہ کوہسار مری میں سیاحوں کا سیلاب امڈ آیا، مال روڈ اور شہر کے مختلف علاقوں میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار ہے جبکہ سڑکیں اور بازار رنگ برنگی روشنیوں سے سج گئے۔جشنِ آزادی کی تقریبات کے آغاز کے ساتھ ہی مری کی فضائیں پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھیں، جبکہ آسمان رنگ برنگی روشنیوں اور شاندار آتش بازی سے جگمگا اٹھا۔مال روڈ پر آتش بازی کا مظاہرہ دیکھنے کیلئے سیاحوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی، جس کے باعث مال روڈ پر تل دھرنے کی جگہ نہ رہی۔ فیملیز سمیت سیاحوں کی غیر معمولی تعداد نے جشنِ آزادی کی تقریبات میں شرکت کی۔مری کی تمام اہم نجی و سرکاری عمارتوں کو بھی جشنِ آزادی کی مناسبت سے برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے، جبکہ شہر کے مختلف مقامات پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔مال روڈ پر دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود جشنِ آزادی کی خوشیوں اور شہری و سیاحوں کی سرگرمیوں کے باعث شہر کی رونقیں عروج پر رہیں