پاک ترک تعلقات سفارت کاری سے کہیں بڑھ کر برادرانہ رشتے ہیں، ترک نائب صدر جودت یلماز
قوم ملک کی ترقی کے لئے اتحاد اور قومی یکجہتی کے جذبے کو مزید مضبوط بنائے،سفیر ڈاکٹر یوسف جنید
انقرہ(آئی این پی ) ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں پاکستان کا 79واں یومِ آزادی برسر اقتدار جسٹس اینڈ ڈولپمینٹ پارٹی کے قیام کی سلور جوبلی کی وجہ سے ایک روز قبل بڑے جوش و خروش سے منایا گیا۔ اس تقریب میں ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز کے علاوہ بڑی تعداد میں اعلی ترک حکام کی شرکت سے دونوں ممالک کے درمیان گہری محبت، یکجہتی اور برادرانہ تعلقات کے بلندیوں پر چھونے کی عکاسی ہوتی ہے۔پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے سلسلے میں انقرہ میں پاکستان ہائو س کے وسیع و خوب صورت احاطے میں منعقد ہونے والی اس پروقار اور شاندار تقریب میں ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب میں ترکیہ کے وزیرِ قومی دفاع یاشار گولر، چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سیلچوق بایراکتار اولو، ترک بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل ارجمند طاطلی اولو، بری فوج کے کمانڈر جنرل متین توکل، فضائیہ کے کمانڈر جنرل ضیا جمال قادی اولو، سابق نائب وزیراعظم بلند آرنچ، سابق وزیر دریا یانک، جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی(آق پارٹی) کے نائب چیئرمین اول افکان اعلی، رلنِ پارلیمنٹ برہان قایا ترک، ہولوسی آقار اورپاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر کے علاوہ بڑی تعداد میں اعلی ترک حکام ، متعدد ممالک کے سفرا ، سفارتی مشنز کے نمائندوں ،پاکستانی کمیونٹی اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کرکے یومِ آزادی پاکستان کی تقریب کو چار چاند لگادئیے ۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد پاکستان اور ترکیہ کے قومی ترانے بجائے گئے۔