شہبازشریف کو سیف سٹی اتھارٹی کا کریڈٹ نہ دیا جائے تو زیادتی ہوگی‘،ایک ہی سکرین پر پورے پنجاب کا نظر آنا معمولی بات نہیں
روشن چہروں اورجواں ہمت بچوں کو دیکھ کر یقین ہوتا ہے پنجاب آگے بڑھ رہا ہے،یہ کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے:تقریب سے خطاب
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سیف سمارٹ سٹیز پراجیکٹ کو ہر تحصیل اوریونین کونسل تک لیجانے اور مزید 1500پینک بٹن نصب کرنے کا اعلان کیاہے-ہر پولیس سٹیشن اورنمایاں عوامی مقامات پر پینک بٹن لگائے جائیں گے -وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے یوم آزادی کے موقع پر پنجاب انٹگریٹڈ سیف سٹی نیٹ ورک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پوری قوم کو مبارکباد پیش کی اور کہاکہ پنجاب کے تمام اضلاع میں قائم سیف سٹی نیٹ ورک کی تقریب کایوم آزادی پر انعقاداعزاز ہے۔ روشن چہروں اورجواں ہمت بچوں کو دیکھ کر یقین ہوتا ہے کہ پنجاب آگے بڑھ رہا ہے،یہ کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔انہوں نے کہا شہبازشریف کو سیف سٹی اتھارٹی کا کریڈٹ نہ دیا جائے تو زیادتی ہوگی۔شہبازشریف میرے چچا،مینٹور اورسیف سٹی کے بانی ہیں۔شہبازشریف نے سیف سٹی کا راستہ تخلیق کیا جس پر چلتے ہوئے آج ہم یہاں پہنچ چکے ہیں۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ اڑھائی سال میں اللہ تعالی کے فضل و کرم سے پنجاب کا ہر ضلع سیف سٹی بن چکا ہے۔ایک ہی سکرین پر پورے پنجاب کا نظر آنا معمولی بات نہیں۔پنجاب ٹیکنالوجی سیفٹی ماڈل میں نیشنل لیڈر بن چکا ہے۔ ۔اب اللہ تعالی کے فضل و کرم سے کچے سمیت پنجاب کا کوئی علاقہ نو گو ایریا نہیں۔کچے کے علاقے میں تقریباً10ما ہ سے سنگین جرائم اوراغوابرائے تاوان کی کوئی واردات نہیں ہوئی۔کچے کے علاقے میں پہلی مرتبہ ضلعی انتظامیہ نے کرکٹ ٹورنامنٹ کرایا۔کچے کے علاقے میں بچوں کے ہاتھ میں ہتھیار کی جگہ بیٹ اورلانچر کی جگہ بال نے لے لی۔کچے کے علاقے میں امن وامان کی صورتحال میں بہتری غیر معمولی بات ہے۔ چائلڈ سیفٹی ایپ کے ذریعے ایک لاکھ کیس حل کیے گئے اور80ہزار بچوں کو فیملی سے ملوایا گیا۔ماں باپ کے سامنے بچہ گم ہوجائے تو وہ کبھی اس کو بھول نہیں سکتے۔انہوں نے کہا پنجاب جاگ رہا ہے جہاں فیصلے اندھیروں میں نہیں ڈیٹا کی بنیاد پر کرکے انسانی جانیں بچائی جاتی ہیں۔ ہر شہری کو یقین ہونا چاہیے کہ حکومت اسے دیکھ رہی ہے،آنچ نہیں آنے دے گی۔پنجاب میں سیف سٹی اوردیگراقدامات سے جرائم میں کمی آئی کیونکہ مجرم جانتے ہیں کیمرے کی آنکھ دیکھ رہی ہے۔کون کہتا ہے کہ صرف لاہور میں کام ہورہا ہے ہر ڈسٹرکٹ میں سیف سٹی نظر آئے گا۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ لوگوں کے لئے حکومت جاگ رہی ہے۔