چوہنگ میں لڑکی پر تشدد کرنے والا ملزم گرفتار

ڈی آئی جی آپریشنزکا نوٹس ، شاہ زیب کے خلاف مقدمہ بھی درج 
لاہور(کرائم رپورٹر) چوہنگ کے علاقے میں لڑکی پر تشدد کا شرمناک واقعہ پیش آیا۔ والدہ فرزانہ کے مطابق گھر سے سودا سلف لینے کے لیے بیٹی آمنہ موٹر سائیکل پر گئی تو نامعلوم شخص نے تشدد کا نشانہ بنایا۔ملزم نے بیٹی کو تشدد کے ساتھ اغواء کرنے کی بھی کوشش کی، مکے تھپڑ مارنے کے ساتھ بالوں سے پکڑ کر سڑک پر گھسیٹا۔ تشدد کی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔ ملزم تشدد کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران کے نوٹس لینے کے بعد چوہنگ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایچ او چوہنگ محمد رضا کے مطابق ملزم شاہ زیب کو جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی شروع کردی۔