سکوٹی سوار لڑکی پر تشدد، بال نوچنے والا ملزم گرفتار

 مزنگ لنک روڈ پر لڑکی کو گرا کر تھپڑ مارے، سامان توڑا، مقدمہ درج
 لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور کے علاقے مزنگ لنک روڈ پر سکوٹی سوار لڑکی کو موٹرسائیکل سے ٹکر مار کر گرانے اور تشدد کا نشانہ بنانے والے ملزم غلام مصطفیٰ کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے لڑکی کا راستہ روک کر اسے سکوٹی سے نیچے گرایا، تھپڑ مارے اور بال نوچے، جس سے اس کے چہرے اور ناک پر زخم آئے۔ ملزم نے مبینہ طور پر لڑکی کا موبائل فون اور لیپ ٹاپ چھیننے کی کوشش بھی کی، جبکہ اس کا لیپ ٹاپ اور بیگ زمین پر پھینک کر نقصان پہنچایا۔ واقعے کا مقدمہ متاثرہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں تھانہ مزنگ میں درج کرلیا گیا ہے۔ گرفتار ملزم کا تعلق ضلع چنیوٹ سے بتایا جاتا ہے اور پولیس اس سے مزید تفتیش کررہی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز کامران فیصل نے کہا ہے کہ خواتین کو ہراساں کرنے، ان کا راستہ روکنے اور تشدد کا نشانہ بنانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔