لندن میں مقیم 18 سالہ پاکستانی نژاد برطانوی طالبہ ماہ نور چیمہ نے تعلیمی تاریخ میں شاندار کارنامہ سرانجام دے دیا۔
ماہ نور نے اے لیول کے 24 مضامین میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے چار نئے عالمی ریکارڈ توڑ دیے، جبکہ اس سے قبل اپنے جی سی ایس ای کے نتائج کی بدولت وہ مجموعی طور پر 6 عالمی تعلیمی ریکارڈ اپنے نام کر چکی ہیں۔ یہ کسی بھی اسکول کے طالب علم کے لیے دنیا کا سب سے بڑا اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔ماہ نور کو طب (میڈیسن) کی تعلیم کے لیے دنیا کی معروف آکسفورڈ یونیورسٹی میں داخلہ بھی مل گیا ہے، جسے وہ اپنی بچپن کی خواہش کی تکمیل قرار دیتی ہیں۔ انہوں نے اپنی کامیابی کا سہرا والدین کی قربانیوں کو دیا، جن کے ساتھ وہ 2006 میں لاہور سے برطانیہ منتقل ہوئیں۔
مختلف اسکولوں میں تعلیم کے بعد انہوں نے اپنا آخری تعلیمی سال ہوم اسکولنگ کے ذریعے مکمل کیا۔ماہ نور نہ صرف ایک شاندار طالبہ ہیں بلکہ موسیقی میں ڈپلومہ، اداکاری اور پبلک اسپیکنگ میں گولڈ میڈلز بھی حاصل کر چکی ہیں، ساتھ ہی وہ دنیا کی اعلیٰ آئی کیو سوسائٹی "مینسا" کی رکن بھی ہیں۔ان کی اس غیر معمولی کامیابی کو پاکستان کے سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور شہباز شریف نے بھی سراہا اور انہیں "قوم کی بیٹی" قرار دیا۔