پنجاب میں جشن آزادی پر 41 اضلاع میں بیک وقت آتشبازی

لاہور(آئی این پی ) ملک کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب بھر میں جشنِ آزادی منانے کی ایک نئی تاریخ رقم کی گئی۔صوبے کے تمام 41 اضلاع میں بیک وقت آتش بازی، لیزر لائٹ شوز، میوزک کنسرٹس اور ڈرون شو کا انعقاد کیا گیا، جس نے 78 ویں یومِ آزادی کو یادگار بنا دیا۔رات 12 بجتے ہی لاہور، راولپنڈی، مری، ملتان، فیصل آباد اور دیگر تمام اضلاع کی فضاں میں رنگ و نور کے نظارے بکھر گئے، آسمان رنگین روشنیوں سے جگمگا اٹھا اور شہریوں نے بچوں و اہل خانہ کے ساتھ اس تاریخی لمحے کو خوشی سے منایا۔یہ پہلا موقع تھا کہ سرکاری سطح پر اتنی بڑی تعداد میں اور بیک وقت تقریبات منعقد کی گئیں، جن میں ہزاروں شہریوں نے جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی، اس موقع پر شاندار ڈرون شوز اور ڈیجیٹل لائٹ پرفارمنسز نے بھی عوام کی بھرپور توجہ حاصل کی، خصوصا بچوں اور خواتین نے ان مناظر سے خوب لطف اٹھایا۔