واشنگٹن(آئی این پی )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر اپنے روایتی ریئلٹی شو اسٹائل اور فاسٹ فوڈ کی محبت کو سیاست کے لئے استعمال کرتے ہوئے سب کو حیران کر دیا وائٹ ہائو س کے اوول آفس میں میکڈونلڈز کے برگرز کسی سرکاری پروٹوکول کے تحت نہیں بلکہ ایک عام ڈور ڈیش (فوڈ ڈیلیوری سروس)ڈرائیور کے ذریعے پہنچائے گئے اور انہیں 100 ڈالر ٹپ بھی دی گئی۔امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق آرکنساس سے تعلق رکھنے والی شیرون سیمنز میکڈونلڈز کے دو بیگ لے کر اوول آفس کے دروازے پر پہنچیں۔میڈیا کیمروں کی موجودگی میں صدر ٹرمپ خود دروازے پر آئے، ان کا استقبال کیا اور مسکراتے ہوئے صحافیوں سے پوچھا، کیا یہ سب اسٹیجڈ(پہلے سے طے شدہ) لگ رہا ہے؟اگرچہ وائٹ ہائو س کی سکیورٹی کے پیش نظر کسی بھی عام شہری کا صدر کے اتنے قریب پہنچنا سخت اسکریننگ کے بغیر ممکن نہیں، تاہم یہ ایک منظور شدہ میڈیا ایونٹ تھا اور اس پورے واقعے کا مقصد ایک بڑی سیاسی مہم کو اجاگر کرنا تھا۔رپورٹ کے مطابق اس غیر روایتی ملاقات کا اصل مقصد صدر ٹرمپ کی اس ٹیکس پالیسی کی تشہیر تھی جس کے تحت ٹپس سے حاصل ہونے والی آمدن پر وفاقی ٹیکس میں رعایت دی گئی ہے