وفاقی دارالحکومت : امن و امان کی صورتحال کو مزید مستحکم بنانے کے لیے سکیورٹی ہائی الرٹ

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال کو مزید مستحکم بنانے کے لیے سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور شہر بھر میں فول پروف انتظامات کے تحت بڑے پیمانے پر سرچ آپریشنز جاری ہیں۔اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق آئی جی اسلام آباد کی ہدایات پر ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں گرینڈ کومبنگ سرچ آپریشنز کیے جا رہے ہیں، جن کا مقصد جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔سرچ آپریشنز اسلام آباد کے تھانہ سیکریٹریٹ، تھانہ گولڑہ، تھانہ انڈسٹریل ایریا، تھانہ ہمک، تھانہ بنی گالہ، تھانہ ترنول اور تھانہ کھنہ کی حدود میں زونل ایس پیز کی زیر نگرانی کیے گئے، جن میں لیڈیز پولیس اہلکاروں نے بھی بھرپور حصہ لیا۔پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران 701 افراد اور 262 گھروں کی تلاشی لی گئی، جبکہ 83 دکانوں اور 48 ہوٹلز کی بھی جانچ پڑتال کی گئی۔ اسی طرح 251 موٹر سائیکلوں اور 117 گاڑیوں کو چیک کیا گیا۔سرچ آپریشنز کے دوران 27 مشکوک افراد اور 23 موٹر سائیکلوں کو مزید تفتیش کے لیے متعلقہ تھانوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔مزید برآں، شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی چیکنگ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں، جبکہ تمام پٹرولنگ یونٹس اور خصوصی اسکواڈز مسلسل گشت میں مصروف ہیں۔ سینئر پولیس افسران بھی فیلڈ میں موجود رہ کر سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ چیکنگ کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں تاکہ شہر میں امن و امان برقرار رکھا جا سکے