شاید انہیں بھی پتہ ہے ان کی یہ آخری باری ہے : مفتاح اسماعیل

آپ کیا سوچ کے بیٹھے ہوئے ہیں  اگلے الیکشن میں بھی بے ایمانی کریں گے؟

کب تک آپ زبردستی حکومت کریں گے؟ کیا ہمیشہ بے ایمانی کرتے رہیں گے؟سابق وزیرخزانہ
    اسلام آباد (یواین پی) سابق وزیر خزانہ اور عوام پاکستان پارٹی کے رہنماء مفتاح اسماعیل نے کہا ہے شاید انہیں بھی پتا ہے  ان کی یہ آخری باری ہے لہٰذا جو سمیٹنا ہے سمیٹ لو، پنجاب میں جو ہو رہا ہے میں بتا نہیں سکتا۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک شو پرفارمنس ہوتی ہے جس میں آپ ایئر ایمبولینس خرید لیتے ہیں، پنجاب میں جنرل ہسپتال یا ڈسٹرکٹ ہسپتال ہیں تو کیا بہتر نہیں ہوتا کہ اگر آپ وہاں ہر جگہ ایمبولینس دے دیتے، آپ صرف پنجاب میں پرفارم کر رہی ہیں اور آپ نے پورے پنجاب کی لوکل گورنمنٹ کو سلب کرلیا ہے،  انہوں نے کہا پاکستان میں اس وقت وہ جمہوریت نہیں ہے جسے ہم واقعی جمہوریت کہہ سکیں، اگر ہم سمجھتے ہیں کہ ملک میں جمہوریت ہونی چاہیئے تو پھر جو بھی بندوبست ہو، اس میں عوام کی رائے کے مطابق حکومت بننا ضروری ہے، کب تک آپ زبردستی حکومت کریں گے؟ آپ کیا سوچ کے بیٹھے ہوئے ہیں کہ اگلے الیکشن میں بھی بے ایمانی کریں گے؟ کیا ہمیشہ بے ایمانی کرتے رہیں گے؟ فارم 47 کی حکومت لوگوں کو تو بری لگتی ہی ہے ساتھ ہی ملک بھی درست نہیں جا رہا۔