ایران اور خلیجی ممالک کے درمیان آبنائے ہرمز کی صورتحال پر آج عمان میں ہونے والا اہم علاقائی اجلاس ملتوی کردیا گیا، عمانی حکام کے مطابق اجلاس کی نئی تاریخ بعد میں طے کی جائے گی۔
عمان کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق صلالہ میں ہونے والا اجلاس خطے میں تعمیری مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی غرض سے ملتوی کیا گیا ہے۔ایران کی وزارت خارجہ نے اجلاس کی میزبانی عمان میں ہونے کی تصدیق کی تھی۔ اجلاس میں عالمی سطح پر تیل اور گیس کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم آبنائے ہرمز کے مستقبل اور موجودہ صورتحال پر مذاکرات متوقع تھے۔تہران کے مطابق اجلاس میں عراق اور خلیجی ممالک کے نمائندوں نے شرکت کرنا تھی، تاہم کسی خلیجی ملک نے باضابطہ طور پر شرکت کی تصدیق نہیں کی تھی، جبکہ بحرین نے اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا تھا۔
عمان کے وزیر خارجہ بدر البوسعیدی نے کہا کہ خطے میں استحکام اور دیرپا تعاون کے لیے مثبت اور تعمیری مذاکرات کو فروغ دینے کا عزم برقرار ہے۔آبنائے ہرمز مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے دوران اہم ترین فلیش پوائنٹس میں شامل ہے اور عالمی سطح پر تیل و گیس کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمندری گزرگاہ تصور کی جاتی ہے۔