آبنائے ہرمز پر اہم پیش رفت، ایران کی خلیجی ممالک سے عمان میں ملاقات متوقع

آبنائے ہرمز پر اہم پیش رفت، ایران کی خلیجی ممالک سے عمان میں ملاقات متوقع

ایران کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ملک پیر کو عمان میں خلیجی ریاستوں اور خطے کے دیگر ممالک کے نمائندوں سے ملاقات کرے گا، جس میں آبنائے ہرمز کی صورتحال اور علاقائی سلامتی پر بات چیت کی جائے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے دوران ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث عالمی سطح پر تیل کی ترسیل متاثر ہوئی ہے اور متعدد ممالک کو توانائی کی سپلائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ایرانی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق ملاقات کا مقصد خطے کے ممالک کے درمیان باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینا اور مشترکہ علاقائی سلامتی کو مضبوط بنانے کے لیے تعاون کے امکانات کا جائزہ لینا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں عراق اور خلیج فارس کے دیگر ساحلی ممالک بھی شرکت کریں گے، جہاں آبنائے ہرمز سے متعلق صورتحال اور خطے میں پیدا ہونے والے سکیورٹی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔واضح رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم بحری راستہ ہے اور اس کے ذریعے دنیا کی تیل سپلائی کا تقریباً پانچواں حصہ گزرتا ہے۔ اس راستے میں کسی بھی طویل رکاوٹ سے عالمی تیل مارکیٹ اور توانائی کی قیمتوں پر نمایاں اثر پڑ سکتا ہے۔