’آرڈر کا انتظار کریں‘: بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کیس کی سماعت مکمل

’آرڈر کا انتظار کریں‘: بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کیس کی سماعت مکمل

اسلام آباد: وفاقی آئینی عدالت میں بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست پر سماعت مکمل ہوگئی۔

 چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، جس کے دوران بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صفدر نے دلائل دیے، جبکہ سلمان اکرم راجہ بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔سماعت کے دوران سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالتوں نے ہمیشہ خواتین کے معاملے میں نرم رویہ اپنایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب کا گزشتہ 13 ماہ کے دوران طرزِ عمل قابلِ اعتراض رہا اور ادارے نے متعدد سماعتوں پر التوا لیا، جبکہ سزا معطلی کی درخواست پر بھی اعتراض کیا۔وکیل نے کہا کہ سزا سنائے جانے کے بعد بشریٰ بی بی کی ضمانت کا قانونی جواز موجود ہے اور انہوں نے خاتون ہونے کی بنیاد پر سزا معطل کرنے کی استدعا کی ہے۔ ان کے مطابق، اس کیس میں زیادہ تر توجہ بانی پی ٹی آئی کی اپیل پر مرکوز رہی۔

اس موقع پر چیف جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیے کہ عدالت اس مرحلے پر مقدمے کے میرٹ میں نہیں جائے گی، کیونکہ اس کے سامنے سزا معطلی کی درخواست ہے۔جسٹس باقی نجفی نے استفسار کیا کہ مرکزی اپیل کتنی مرتبہ سماعت کے لیے مقرر ہوئی ہے۔سماعت مکمل ہونے پر چیف جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ عدالتی حکم کا انتظار کیا جائے۔ عدالت نے بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صفدر کو تحریری دلائل کے نکات جمع کرانے کی ہدایت بھی کردی۔