اے این ایف کا ایکشن،72کلو آئس برآمد کرلی

منشیات پسنی کے غیر آباد علاقے میں زمین کے اندر گڑھوں میں چھپائی گئی تھی
لاہور(کرائم رپورٹر)اے این ایف نے مکران کے ساحلی علاقے پسنی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بیرون ملک اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 72 کلوگرام آئس برآمد کر لی۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق منشیات پسنی کے غیر آباد علاقے میں زمین کے اندر گڑھوں میں چھپائی گئی تھی، جس کی مالیت تقریباً دو کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ کارروائی کے دوران مبینہ اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی تین انجنوں سے لیس ایک اسپیڈ بوٹ اور ٹویوٹا پک اپ بھی قبضے میں لے لی گئی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق منشیات افغانستان سے اسمگل کی گئی تھی، جسے اسپیڈ بوٹ کے ذریعے پسنی کے ساحل سے بین الاقوامی پانیوں کی طرف منتقل کیا جانا تھا۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق اسمگلنگ نیٹ ورک اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے جبکہ مزید گرفتاریوں کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔