مجھے اپنے جسم سے محبت کرنا آسان نہیں تھا جو مجھے شدید تکلیف دے رہا تھا،بالی ووڈ اداکارہ
ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی ووڈ اداکارہ سونالی باندرے نے کینسر کے خلاف اپنی جدوجہد کے تقریبا ایک دہائی بعد بیماری کے دوران پیش آنے والے تلخ تجربات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے کینسر کو شکست دینے کے بجائے اپنے جسم کو سمجھنے اور اس تجربے سے سیکھنے پر توجہ دی۔51 سالہ اداکارہ نے مادھوری ڈکشٹ کے نئے پروگرام کی پہلی قسط میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے کینسر میں مبتلا ہونے اور اس دوران پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں بتایا۔پروگرام کے دوران مادھوری ڈکشٹ نے سونالی باندرے کی ہمت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ کینسر پر قابو پانے کے بعد ان کی شخصیت کا ایک مضبوط پہلو سامنے آیا ہے۔اس پر سونالی باندرے نے کہا کہ عام طور پر کینسر سے صحت یاب ہونے کو بیماری کے خلاف جنگ جیتنے سے تعبیر کیا جاتا ہے، لیکن میرا مقصد یہ سمجھنا تھا کہ میرے ساتھ ایسا کیوں ہو رہا ہے اور میں اس تجربے سے کیا سیکھ سکتی ہوں؟سونالی باندرے نے کہا ہے کہ میں نے اپنے جسم کو محبت اور شفقت سے قبول کرنے کی کوشش کی، اگرچہ اس جسم سے محبت کرنا آسان نہیں تھا جو مجھے شدید تکلیف دے رہا تھا، یہی سوچ میرے لیے مددگار ثابت ہوئی۔واضح رہے کہ سونالی باندرے کو جولائی 2018 میں اسٹیج فور میٹاسٹیٹک کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔