عالمی فوجی مشق کیمبرین پٹرول کا گولڈ میڈل پاک فوج کے نام

شرکا کو 48 گھنٹوں کے اندر 60 کلومیٹر طویل خطرناک علاقوں سے گزرنا تھا
36 ممالک کی 137ٹیموں نے حصہ لیا،پاکستانی ٹیم کی قیات کیپٹن سعد نے کی 
راولپنڈی (خصوصی رپورٹ)پاکستان آرمی کی ٹیم نے برطانیہ کے علاقے ویلز میں ہونے والی بین الاقوامی فوجی مشق کیمبرین پٹرول 2025میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔ یہ عالمی سطح کی ایک انتہائی مشکل اور پیشہ ورانہ مہارت کی حامل فوجی مشق ہے، جو اس سال اپنی 66ویں سالگرہ منا رہی تھی۔پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق،کیمبرین پٹرول ایک سخت اور چیلنجنگ فوجی مقابلہ ہے، جس میں دنیا بھر کی افواج کے دستے شرکت کرتے ہیں۔ شرکاء کو 48 گھنٹوں کے اندر 60 کلومیٹر طویل دشوار گزار اور خطرناک علاقے سے گزرنا ہوتا ہے، ساتھ ہی مختلف عسکری اور عملی (آپریشنل) فرائض بھی انجام دینے ہوتے ہیں۔اس سال مشق میں 36 ممالک کی 137 ٹیموں نے حصہ لیا، جن میں پاکستان آرمی کی ٹیم نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سب سے ممتاز پوزیشن حاصل کی۔ پاکستانی ٹیم کی قیادت کیپٹن محمد سعد نے کی۔پاکستان آرمی کی بہترین حکمتِ عملی، پیشہ ورانہ مہارت اور اعلیٰ تربیت کے باعث ٹیم کو گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز پاکستان کے لیے فخر کا لمحہ ہے اور اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی افواج اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، نظم و ضبط اور عزم و حوصلے کے لحاظ سے دنیا کی صفِ اوّل کی افواج میں شمار ہوتی ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق، پاکستان آرمی نے ہمیشہ ملک کا پرچم سربلند رکھا ہے اور آئندہ بھی اسی عزم کے ساتھ عالمی سطح پر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منواتی رہے گی۔