پاکستانی فائٹرشیر باز مری کا عالمی سطح پر کارنامہ، قازقستان میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا نام روشن کر دیا

 پاکستانی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کے نتیجے میں پاکستان نے چمپئن شپ میں مجموعی طور پر دوسری پوزیشن حاصل کی
کوئٹہ (سپورٹس ڈیسک) بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پاکستانی فائٹر شیر باز مری نے قازقستان میں منعقدہ نومیڈ ایم ایم اے چمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت کر ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کر دیا۔ پاکستانی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کے نتیجے میں پاکستان نے چمپئن شپ میں مجموعی طور پر دوسری پوزیشن حاصل کی۔دستیاب تفصیلات کے مطابق پاکستانی کھلاڑیوں نے مقابلوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر چار گولڈ میڈل اور تین کانسی کے تمغے اپنے نام کیے۔ شیر باز مری کی کامیابی کو بلوچستان سمیت ملک بھر کے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزا پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔گولڈ میڈل جیتنے والے قومی فائٹر شیر باز مری نے معاونت اور حوصلہ افزائی کرنے پر حکومتِ بلوچستان اور پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کیا۔ ان کی کامیابی نے بین الاقوامی کھیلوں میں پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا ہے۔پاکستان کی اس کامیابی سے یہ امید مزید مضبوط ہوئی ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو مناسب تربیت، جدید سہولیات اور مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کر سکتے ہیں۔شیر باز مری کی کامیابی بلوچستان کے کھیلوں کے شعبے کے لیے بھی ایک اہم پیش رفت ہے اور نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے اور ملک کے لیے اعزازات حاصل کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔