پنجاب لوکل گورنمنٹ بل 2025 منظور، اپوزیشن کا احتجاج وزیراعلی کے ریمارکس پر پیپلز پارٹی کا واک آ ئوٹ

 ٹی ایل پی کے معاملے پر بات نہ کرنے پر پی ٹی آئی ارکان کا احتجاج، واک آئوٹ‘  مرید کے میں خون کی ہولی کھیلی گئی ہمارے چیئرمین نے سکھایا مظلوم کا ساتھ دیں: معین قریشی
 ہر نئی مقامی حکومت تحلیل شدہ ادارے کی جائیداد، افسروں اور واجبات کا جانشین ہوگا، لوکل گورنمنٹس کے انتخاب سے قبل جائیداد منتقلی کا عمل مکمل کیا جائے گا:بل
سیکرٹری کی منظوری سے یہ تعین ہوگا  کس مقامی حکومت کو کون سا اثاثہ یا ذمہ داری منتقل ہوگی، ایک سے زائد علاقوں میں  اثاثے وزیر کی منظوری سے تقسیم کئے جائیں گے:متن
لاہور(آئی  این پی )پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی نے تحریک لبیک کے معاملے پر بات نہ کرنے پر ہنگامہ کیا اور ارکان واک آئوٹ کرگئے، پیپلز پارٹی نے بھی وزیراعلی پنجاب کے ریمارکس کے خلاف واک آئوٹ کیا۔ پیر کوپنجاب اسمبلی کا اجلاس تین گھنٹے بیالیس منٹ کی تاخیر سے ڈپٹی سپیکر ظہیر اقبال چنہڑ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ آغاز تلاوت کلام پاک، نعت رسول مقبولؓ اور قومی ترانے سے ہوا۔اجلاس میں پاک افغان جنگ میں پاک افواج کے شہدا اور شہید ایس ایچ او ، سردار غضنفر علی لنگا کے بھائی اور میاں مرغوب کی اہلیہ کی روح کے ایصال ثواب کیلیے فاتحہ خوانی کی گئی۔اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی معین ریاض قریشی نے ایوان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب کی توجہ دلانا چاہتا ہوں، آج پنجاب جل رہا ہے، آج پنجاب کے اندر لا اینڈ کی صورتحال خراب ہے، ہر طرف لاشیں بکھری پڑی ہیں، کل مرید کے میں خون کی ہولی کھیلی گئی ہمارے چیئرمین نے سکھایا جہاں ظلم ہو وہاں مظلوم کا ساتھ دیں، ہمارا سیاسی اختلاف ہوسکتا ہے لیکن ہم ظلم کے خلاف کھڑے ہوں گے، خدا کے لیے آپ لوگوں نے جیسے بھی حکومت بنائی آج پنجاب کے عوام آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں، کوئی تو ہو جو ہماری آواز بنے‘۔وزیر پارلیمانی امور مجتبی شجاع الرحمان نے ایوان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک لبیک سے درخواست کرتے ہیں یہ کوئی طریقہ نہیں ہے، ہم تحریک لبیک سے بات کرنے کیلئے  تیار ہیں، ایک مذہبی تنظیم کو انتشار پھیلانا زیب نہیں دیتا، پولیس اور سیکیورٹی کے لوگوں پر حملے کیے جا رہے ہیں، ایک انسپکٹر شہید ہو چکا ہے یہ طریقہ کار ٹھیک نہیں ہے، ‘دریں اثناء پنجاب اسمبلی میں حکومت نے اپوزیشن کے احتجاج کے باوجود مسودہ قانون مقامی حکومت پنجاب 2025 منظور کروا لیا‘لوکل گورنمنٹ بل 2025 میں پنجاب حکومت نے بلدیاتی اداروں کے اثاثوں اور واجبات کی منتقلی کا طریقہ کار واضح کر دیا۔بل کے متن کے مطابق ہر نئی مقامی حکومت تحلیل شدہ ادارے کی جائیداد، افسران اور واجبات کا جانشین ہوگا، لوکل گورنمنٹس کے انتخاب سے قبل جائیداد منتقلی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔متن کے مطابق سیکرٹری کی منظوری سے یہ تعین ہوگا کہ کس مقامی حکومت کو کون سا اثاثہ یا ذمہ داری منتقل ہوگی، ایک سے زائد علاقوں میں استعمال ہونے والے اثاثے وزیر کی منظوری سے تقسیم کیے جائیں گے۔بل کے مطابق مقامی حکومت سے غیر متعلقہ اثاثے حکومت کو منتقل کیے جائیں گے، سیکرٹری کو وزیر کی منظوری سے واجبات اور تنازعات کے حل کا اختیار حاصل ہوگا۔لوکل گورنمنٹ بل کے مطابق  جائیداد  کی تعریف میں زمین، عمارت، دفتر، گاڑیاں، آلات اور دیگر سہولیات شامل ہیں۔