ممبئی: بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان نے اپنے شاندار گھر ’منت‘ سے متعلق دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گھر کے تمام معاملات میں ان کی اہلیہ گوری خان کی مرضی چلتی ہے اور انہیں گھر میں کسی بھی چیز کے حوالے سے اپنی رائے دینے کی زیادہ اجازت نہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دبئی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران فلم ساز کرن جوہر نے شاہ رخ خان سے سوال کیا کہ انہیں اپنے گھر میں کون سے کام کرنے کی اجازت نہیں ہے؟ اس پر اداکار نے مزاحیہ انداز میں جواب دیا کہ انہیں اپنے گھر میں کچھ بھی کرنے کی اجازت نہیں۔شاہ رخ خان نے بتایا کہ ’منت‘ دراصل گوری خان کا گھر ہے اور وہاں وائی فائی، کھانے، دیواروں کے رنگ، پینٹنگز، روشنیوں اور فرنیچر سمیت ہر چیز کا فیصلہ ان کی اہلیہ کرتی ہیں۔ اداکار کے مطابق وہ ان معاملات میں اپنی رائے بھی نہیں دے سکتے۔
اس موقع پر شاہ رخ خان نے گوری خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کم عمری میں والدین کے انتقال کے بعد اپنا گھر ہونا ان کا ایک بڑا خواب تھا۔ گوری خان نے اس گھر کو نہایت خوبصورتی سے سجایا اور اسے ایک خوبصورت رہائش گاہ بنایا ہے۔اداکار کا کہنا تھا کہ انہیں فلموں اور اپنے خاندان سے بے حد محبت ہے، لیکن زندگی میں ایک ایسی جگہ کا ہونا جسے وہ اپنا گھر کہہ سکیں، ان کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔