’کئی پی ٹی آئی رہنما غیرقانونی کان کنی میں ملوث‘، سونے کی کان کی تمام لیز ختم کرنے کا اعلان

’کئی پی ٹی آئی رہنما غیرقانونی کان کنی میں ملوث‘، سونے کی کان کی تمام لیز ختم کرنے کا اعلان

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا نے صوبے میں سونے کی کان کنی سے متعلق تمام لیزیں ختم کرنے اور معطل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ٹھیکیداروں کو ایک ہفتے کے اندر کان کنی کے علاقوں سے نکلنے کی ہدایت کردی ہے۔

 ان کا کہنا ہے کہ صوبے کے قدرتی وسائل پر کسی کو قبضہ کرنے اور غیر قانونی طور پر فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔کوہاٹ واقعے کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبے میں معدنیات کے وسیع ذخائر موجود ہیں اور ان سے فائدہ اٹھانے کے لیے شفاف اور مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں منعقد ہونے والی مائن اینڈ منرلز کانفرنس کامیاب رہی اور خیبرپختونخوا میں معدنیات کے شعبے میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو بھی دعوت دی جا رہی ہے۔گورنر نے کہا کہ صوبے میں معدنی وسائل کے حوالے سے بعض عناصر کی جانب سے پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، جس کے باعث ترقی کا عمل متاثر ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے لیے تھرکول اور ریکوڈک سے بہتر معاہدہ کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ صوبے کے وسائل سے عوام کو فائدہ پہنچ سکے۔کوہاٹ واقعے کا ذکر کرتے ہوئے گورنر نے دعویٰ کیا کہ علاقے میں سونے کی غیر قانونی کان کنی کے خلاف آپریشن جاری تھا، جہاں غیر قانونی قبضہ ختم کرنے والی ٹیموں کا دہشت گردوں سے سامنا ہوا۔ ان کے مطابق غیر قانونی کان کنی کرنے والے مافیا اور دہشت گردوں کے درمیان گٹھ جوڑ موجود تھا، جبکہ واقعے کے دوران غیر قانونی ایکسویٹر بھی موجود تھے۔

گورنر نے دعویٰ کیا کہ صوبے میں کان کنی کے لیے تقریباً 3 ہزار ایکسویٹر، 1600 ڈمپر اور 200 ہیوی لوڈرز استعمال ہو رہے تھے، جبکہ اس شعبے میں تقریباً 49 ہزار افراد کام کر رہے تھے۔ ان کے بقول سونے کی کان کنی سے ماہانہ 4 ارب 20 کروڑ روپے حاصل کیے جا رہے تھے اور اس رقم کا 80 فیصد افغانستان منتقل ہو رہا تھا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کان کنی سے حاصل ہونے والی رقم پاکستان کے خلاف دہشت گردی میں استعمال کی جا رہی تھی۔انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ کوہاٹ واقعے میں بعض سیاسی شخصیات بھی ملوث تھیں۔ ان کے مطابق سابق وزیر قانون آفتاب عالم، شہریار آفریدی، خرم زیشان اور امجد آفریدی سمیت 12 سیاستدان غیر قانونی کان کنی میں ملوث ہیں۔ گورنر نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ سابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے بھائی کا نام بھی غیر قانونی کان کنی میں سامنے آیا ہے۔گورنر خیبرپختونخوا نے اعلان کیا کہ صوبے میں سونے کی کان کنی سے متعلق تمام لیزیں ختم اور معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 تمام ٹھیکیداروں کو ایک ہفتے کے اندر علاقے چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ مقررہ مدت کے بعد احکامات پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ آئندہ تین ہفتوں کے اندر سونے کی کان کنی کے لیے نیا لائحہ عمل پیش کیا جائے گا اور غیر قانونی کان کنی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی مزید تیز کی جائے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ صوبے میں ایک ماہ کے دوران تقریباً 90 کلوگرام غیر قانونی سونا نکالا جا رہا تھا۔اس موقع پر مشیر معدنیات نے پلیسر گولڈ کے حوالے سے بتایا کہ یہ سونا دریاؤں کے بہاؤ کے ساتھ مختلف علاقوں سے آتا ہے۔ ان کے مطابق قدرتی طور پر یہ سونا گلگت اور دیگر علاقوں سے دریاؤں میں شامل ہوتا ہے۔گورنر نے مزید کہا کہ اب صوبے کے وسائل کے معاملے میں سزا اور جزا کا نظام نافذ کیا جائے گا اور سیاسی یا غیر سیاسی کسی بھی شخص کو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر رعایت نہیں دی جائے گی۔