پاکستان نے دوسری اننگز میں 8 وکٹوں پر 284 رنز بنا کر 272 رنز کی مجموعی برتری حاصل کی، سعود شکیل 97 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے
ثاقب خان کو بہترین بائولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا‘ سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 17 نومبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائیگا
راولپنڈی (سپورٹس ڈیسک) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ بارش اور خراب موسم کے باعث ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا۔ پانچوں روز موسم کی مداخلت کے باعث کھیل متاثر رہا اور کسی بھی دن مقررہ 90 اوورز مکمل نہ ہوسکے۔ میچ کے آخری روز پاکستان نے دوسری اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنائے اور سری لنکا کے خلاف مجموعی طور پر 272 رنز کی برتری حاصل کرلی، تاہم کھیل مکمل نہ ہونے کے باعث مقابلہ ڈرا ہوگیا۔ سعود شکیل دوسری اننگز میں بھی سنچری مکمل نہ کرسکے اور 97 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے،ثاقب خان کو بہترین بائولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا‘ آخری روز لاہیرو کمارا نے پہلے ہی اوور کی پہلی گیند پر اذان اویس کو 22 رنز پر آؤٹ کردیا، جبکہ اگلے اوور میں اسیتھا فرنینڈو نے محمد طحہٰ کو 24 رنز پر پویلین بھیج دیا۔ بابر اعظم 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ سلمان علی آغا 13 رنز بنا سکے۔