PTI 10اپریل ، لاہور میں احتجاج
ریلی دوپہر ایک بجے جی پی او چوک سے پنجاب اسمبلی تک جائے گی،ریلی بانی پی ٹی آئی کو جیل میں رکھنے کے خلاف نکالی جا رہی ہے، اب ہر یونین کونسل کی سطح پر اجتماعات اور سیاسی سرگرمیاں کی جائیں گی، عالیہ حمزہ
لاہور(خصوصی رپورٹ)تحریک انصاف کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت نہ ملنے کے بعد پارٹی قیادت نے متبادل حکمت عملی پر کام شروع کر دیا۔تحریک انصاف نے یونین کونسل کی سطح پر کارنر میٹنگز، جلسوں اور احتجاجی ریلیوں کے انعقاد کا اعلان کر دیا۔چیف آرگنائزر پی ٹی آئی پنجاب عالیہ حمزہ ملک کے مطابق پنجاب بھر میں 10 اپریل کو احتجاجی ریلی نکالی جائے گی، لاہور میں یہ ریلی دوپہر ایک بجے جی پی او چوک سے شروع ہو کر پنجاب اسمبلی تک جائے گی۔عالیہ حمزہ نے کہا کہ یہ ریلی بانی پی ٹی آئی کو ناجائزطور پرجیل میں رکھنے کے خلاف نکالی جا رہی ہے انکے مطابق بانی کو دو سال سے بے بنیاد مقدمات میں قید رکھا گیا ہے اورعدالتی نظام سے انصاف نہ ملنے پراب عوام کو سڑکوں پرنکلنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پی ٹی آئی کے جلسوں سے خوفزدہ ہے اور بانی پی ٹی آئی کی تصویر تک سے ڈرتی ہے اب ہر یونین کونسل کی سطح پر اجتماعات اور سیاسی سرگرمیاں کی جائیں گی۔