بچوں کے حوالے سے غلط باتیں پھیلانے سے گریز کیا جائے،اداکار کی وضاحت
لاہور (شوبز ڈیسک) معروف اداکار افضل خان المعروف جان ریمبو نے اپنے بیٹوں سے متعلق وائرل ہونے والے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے بچوں پر فخر ہے اور میرے بیٹے انتہائی فرمانبردار ہیں۔جان ریمبو کا ایک پرانا انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا، جس میں وہ اپنے والد کو یاد کرتے ہوئے جذباتی ہو گئے تھے اور نوجوان نسل کو والدین کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کا مشورہ دیا تھا، تاہم اس ویڈیو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر شیئر کرتے ہوئے یہ تاثر دیا گیا کہ ان کے بیٹے انہیں وقت نہیں دیتے۔افضل خان نے ایک نئی ویڈیو میں وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھ جیسی اولاد کسی کی نہیں، مجھے اپنے بیٹوں پر فخر ہے اور ان کی والدہ نے جس طرح ان کی تربیت کی ہے وہ قابلِ تعریف ہے۔اداکار کا کہنا ہے کہ میں نے اپنے والد کے ساتھ بہت وقت گزارا، والد بھی مجھ سے خوش تھے، لیکن اس کے باوجود مجھے آج بھی افسوس ہے کہ والد کے ساتھ مزید وقت کیوں نہ گزار سکا، اسی ذاتی تجربے کی بنیاد پر میں نے نوجوان نسل کو والدین کے ساتھ وقت گزارنے کا مشورہ دیا تھا۔انہوں نے سوشل میڈیا پیجز سے اپیل کی کہ بچوں کے حوالے سے غلط باتیں پھیلانے سے گریز کیا جائے اور میرے نام سے جعلی مواد شیئر کرنے والے چینلز ایسی پوسٹس حذف کر دیں۔