ماحولیاتی بہتری کے ویژن کو آگے بڑھانا ہمارے لئے اہم ہے: مریم نواز

وزیراعلیٰ  مریم نواز سے گلوبل گرین گروتھ انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر جنرل کم سینگ ہائپ کی ملاقات‘پنجاب حکومت سے شراکت داری پر اتفاق
پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر ماحولیاتی بہتری اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے کام کرنے کے خواہاں ہیں:  ڈائریکٹر جنرل کی ملاقات میں   گفتگو

لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے’’ گلوبل گرین گروتھ انسٹیٹیوٹ ‘‘ کے ڈائریکٹر جنرل کِم سینگ ہائپ نے برازیل کے شہر بیلم میں منعقدکوپ 30کانفرنس کے دوران ملاقات کی۔ ملاقات میں ماحولیاتی بہتری کے عالمی اتحاد ’’گلوبل گرین گروتھ انسٹی ٹیوٹ‘‘ کا ماحول دوستی کے مشن میں پنجاب حکومت سے شراکت داری پر اتفاق کیا گیا ۔ جی جی جی آئی عالمی کاربن مارکیٹ اور کاربن فنانسنگ میں پاکستان کی صلاحیت بڑھانے اور دنیا بھر کی کاربن مارکیٹس تک رسائی حاصل کرنے میں مدد دے گا۔ عالمی کاربن مارکیٹ لیڈر جی جی جی آئی نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے موسمیاتی بہتری کے اقدامات کو کاربن کریڈٹس میں تبدیل کرکے گرین گروتھ پروجیکٹس بنانے کی پیشکش کی۔ جی جی جی آئی پنجاب کو صوبائی سطح کے کاربن کریڈٹ پروگراموں میں بھی مدد فراہم کرے گا ۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف اورکِم سینگ ہائپ نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے خطرات کے مقابلے کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا۔کِم سینگ ہائپ نے پنجاب حکومت کے ماحولیاتی بہتری کے اقدامات کو سراہا ۔کِم سینگ ہائپ نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے پنجاب میں تاریخی سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے اور سب سے بڑے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کے حوالے سے اقدامات کو بھی سراہا ۔ کِم سینگ ہائپ نے کوپ 30 کانفرنس سے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے خطاب کی بھی تعریف کی ۔ کِم سینگ ہائپ نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کے ماحولیاتی بہتری کے ویژن اور جذبے کو بھی سراہا ۔ کِم سینگ ہائپ نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے ویژن سے پنجاب میں ماحولیاتی بہتری کے پختہ عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔ آپ کے ساتھ ملکر ماحولیاتی بہتری اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ آپ کے تجربات اور معاونت سے ماحولیاتی بہتری کے ویژن کو آگے بڑھانا ہمارے لئے اہم ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کِم سینگ ہائپ اور جی جی جی آئی کی ماحولیاتی بہتری کے لئے خدمات کو سراہا