خرچ4ہزار‘گندم2600میں کیسے دیں‘ موسمیاتی تبدیلیوں سے باہر سے بھی گندم نہیں ملے گی
گنے کی قیمت مقرر نہ کی گئی تو 20 نومبر کو پنجاب اسمبلی کے باہر بھرپور احتجاج کریں گے:خالدحسین
لاہور(کامرس رپورٹر‘ایجنسیاں )چیئرمین کسان اتحاد خالد حسین نے پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کسان اگر باہر نکلا تو آپ سے روکا نہیں جائے گا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا اگر گنے کی قیمت مقرر نہ کی گئی تو 20 نومبر کو پنجاب اسمبلی کے باہر بھرپور احتجاج کریں گے اور اگر کسان ایک بار سڑکوں پر آ گیا تو پھر آپ سے روکا نہیں جائے گا۔چیئرمین کسان اتحاد نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ہماری تین جماعتوں سے میٹنگ ہے اور وہ جماعتیں جو حکومت میں نہیں ہیں، انہیں اپنے احتجاج میں شرکت کی دعوت دیں گے۔ خالد حسین کا کہنا تھا کہ ایک ماہ پہلے چینی 155 سے 160 روپے فی کلو تھی۔ حکومت نے چار بار چینی ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دی۔ جس قیمت پر شوگر مالکان نے چینی ایکسپورٹ کی، اسی حساب سے کسان کو ریٹ دیا جائے۔ گنے کی کاشت میں جتنی دیر ہوگی کسان کو نقصان ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کہتی ہے کہ غریبوں کو آٹا مفت دے رہے ہیں جب کہ حقیقت یہ ہے کہ کچھ کسان تو ایسے ہیں، جو پہلے ماہ ہی گندم بیچ کر آٹا خرید کر کھاتا ہے۔گندم کی کاشت پر کسان کا خرچ آتا ہے چار ہزار اور مریم بی بی کہتی ہیں کہ 2600 میں دے دیں تو یہ کیسے ممکن ہو سکتا ہے‘ مریم نواز اتنی نفرت پیدا نہ کریں۔ ایسا وقت بھی آنے والا ہے کہ 20 روپے کی روٹی 100 روپے کی ملے گی کیونکہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے انہیں باہر سے بھی گندم نہیں ملے گی۔