قطر سے ایل این جی کے دو کارگو پاکستان پہنچ چکے ہیں جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مزید سپلائی اور توانائی تعاون کے لیے قریبی رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور قطر کے سفیر علی بن مبارک الخاطر کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں توانائی تعاون، ایل این جی سپلائی اور مستقبل کی ضروریات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر نے بروقت سہولت کاری کے ذریعے پاکستان کو ایل این جی سپلائی فراہم کرنے پر قطر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کی ترجیح ہے کہ توانائی ضروریات کے لیے دوست ممالک سے شفاف اور منظم طریقے سے سپلائیز حاصل کی جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی بڑھتی ہوئی توانائی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اضافی گیس کی فراہمی کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں، جبکہ حکومت ایک جامع انرجی سیکیورٹی پالیسی پر کام کر رہی ہے۔
ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان توانائی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا، خاص طور پر اسٹریٹجک اسٹوریجز اور مستقبل کی سپلائی چین کے حوالے سے باہمی رابطہ مزید مضبوط کیا جائے گا۔قطری سفیر نے اس موقع پر خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور ثالثی کوششوں کو بھی سراہا۔